تعلیمی اداروں کے گرد کچرا کنڈیاں ختم کرنے کی ہدایت

تعلیمی اداروں کے گرد کچرا کنڈیاں ختم کرنے کی ہدایت

یوسی اور ٹاؤن کو فوری گٹر کے ڈھکن فراہم کیے جائیں ،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے منعم ظفر کی قیادت میں ٹاؤن چیئرمینوں کی ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے امیر جماعت اسلامی منعم ظفر کی قیادت میں ٹاؤن چیئرمینوں کی ملاقات، ٹاؤن چیئرمینوں نے واٹر اینڈ سیوریج اور سالڈ ویسٹ کے حوالے سے شکایات کیں جس پر وزیر بلدیات نے شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی ۔ملاقات میں تمام متعلقہ اداروں اور ٹاؤن و یوسی چیئرمینز کے مابین کوآرڈینیشن کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کوآرڈینیشن اور باہمی رابطوں سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور بہتر ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے ،انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر کنڈی مینوں کی بھرتی کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ کنڈی مینوں کے بھرتی کے عمل میں ٹاؤن اور یوسی چیئرمین سے مشاورت لازمی کی جائے اور کنڈی مینوں کی بھرتی متعلقہ علاقوں سے کی جائے۔

وزیربلدیات کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر سیوریج کے پانی کی وجہ سے نا صرف عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی ہیں جس کی وجہ سے شہر کا امیج بھی خراب ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے صوبے میں کچراا ٹھانے کے نظام کو بہتر کیا جائے ، تمام تعلیمی اداروں کے گرد کچرا کنڈیوں کا خاتمہ کیا جائے ، تعلیمی اداروں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے ، ذمہ داری ادا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ناصر شاہ نے ہدایت کی کہ یوسی اور ٹاؤن کو فوری گٹر کے ڈھکن فراہم کیے جائیں ،چوری کی روک تھام کے لیے میکنزم تیار کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں