گیس بحران، نصف شہر میں چولہے بجھ گئے
پریشر میں واضح کمی کے بعد گیس کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہوٹلوں اور تندوروں پر عوام کی طویل قطاریں لگ گئیںدو گیس فیلڈز سے ترسیل میں کمی کے باعث سپلائی متاثر ہوئی،ترجمان ایس ایس جی سی،اولڈ سٹی ایریامیں گیس کی عدم فراہمی پر مکینوں کا احتجاج
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی کے تقریبا نصف رہائشی علاقوں میں گیس کی ترسیل اچانک بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑااسکیم 33، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، شاہ فیصل کالونی ، ناتھا خان گوٹھ،لانڈھی، ناظم آباد، محمود آباد، لائنز ایریا، خاموش کالونی، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا، ایف سی ایریا، گارڈن ، لیاری ، صدراور لیاقت آباد ، ملیر سمیت شہر کے کئی حصوں میں پہلے گیس پریشر غیرمعمولی حد تک کم ہوا اور بعد ازاں اچانک گیس مکمل طور پر بند ہوگئی جسکے باعث گھریلو صارفین شدید کرب میں مبتلا ہوگئے شہریوں کاکہنا ہے کہ گیس بندش سے قبل کئی دنوں سے پریشر میں واضح کمی کی شکایات سامنے آرہی تھیں۔
تاہم صورتحال کی بہتری کے بجائے اچانک مکمل بندش نے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے ایس ایس جی سی کی ہیلپ لائنز پر شکایات درج کرانے کی کوشش کی، مگر شہریوں کے مطابق طویل انتظار کے باوجود کوئی موثر جواب یا فوری ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔گیس کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہوٹلوں اور تندوروں پر عوام کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ گیس کی اچانک بندش پرسوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی جسکے مطابق دو گیس فیلڈز سے ترسیل میں کمی کے باعث بعض علاقوں میں گیس سپلائی متاثر ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں گیس فیلڈز سے مجموعی طور پر تقریباً 45ملین مکعب فٹ یومیہ گیس کی ترسیل جاری ہے تاہم سپلائی میں کمی کے باعث لائن پریشر کم ہوا جس میں اب بتدریج بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔
ایس ایس جی سی ترجمان نے مزید بتایا کہ گیس کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں اولڈ سٹی ایریا نیپیئر تھانے کے سامنے صدیق وہاب روڈ پر علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے سڑک ٹریفک کی آمد ورفت کے لیے بند کردی گئی احتجاج مبینہ طور پر علاقہ مکینوں کی جانب سے سوئی گیس کی عدم فراہمی پر کیا گیا احتجاج میں خواتین اور بچوں سمیت مردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں سوئی گیس کی عدم فراہمی معمول بن گیا ہے جس کے باعث ان کی معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کمپنی انتظامیہ علاقے میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے تاہم علاقائی پولیس کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ کامیاب مذاکرات کرکے احتجاج ختم کراکے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔