فائر بریگیڈ کی 440 خالی اسامیوں پر بھرتیوں کیلئے اقدامات شروع
آتشزدگی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر 16سال بعد محکمہ فائر بریگیڈ کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے انتظامات ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسٹیشن آفیسرز سمیت دیگر عہدوں پر خالی اسامیوں سے متعلق تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کردی گئیں
کراچی (سید علی مہدی ) کراچی میں آتشزدگی کے بڑھتے چیلنجز کے پیش نظر محکمہ فائر بریگیڈ کاکردگی بہتر بنانے کیلئے انتظامی اقدامات ، محکمہ فائر بریگیڈ میں افرادی قوت کی کمی کے باعث 16 سال بعد 440 خالی اسامیوں پر بھرتیوں کیلئے اقدامات شروع کردئیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آتشزدگی کے مسلسل بڑھتے واقعات کے پیش نظر محکمہ فائر بریگیڈ کی کاکردگی میں بہتری لانے کیلیے انتظامی اقدامات شروع کردیے گئے ،مئیر کراچی کا ہنگامی حالت کے اہم ادارے محکمہ فائر بریگیڈ میں افرادی قوت کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مئیر کراچی کے احکامات پر 16 سال بعد محکمہ فائر بریگیڈ میں بھرتیوں کیلئے اقدامات شروع کردیے گئے۔
بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے محکمہ فائر بریگیڈ میں خالی آسامیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ۔ محکمہ فائر بریگیڈ کی جانب سے گریڈ 1 سے گریڈ 17 کی 440خالی اسامیوں کی طلب کردہ تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کردی گئیں ۔ کے ایم سی کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ میں گریڈ 17 کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی ایک اور اسٹیشن آفیسرز کی 22 میں سے 8 اسامیاں برسوں سے خالی پڑی ہیں ۔ گریڈ 14 سینئر کلرک کی 9 میں سے 8 اسامیاں ،گریڈ 12 سب فائر آفیسر کی 35 میں سے 7 اور فور مین کی دونوں اسامیوں سمیت وائرلیس مکینک کی ایک اسامی خالی ہے ۔ گریڈ 1 کے ٹیلیفون آپریٹر کی ایک ، گریڈ 10 کی لیڈنگ فائر مین کی 111 میں سے 34اسامیوں سے متعلق تفصیلات فراہم کردی گئیں۔
گریڈ 5,7اور 8 میں ڈرائیورز کی 242 میں سے 149 اسامیاں خالی ہیں ۔ جس کے باعث محکمہ فائر بریگیڈ کو آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ جبکہ گریڈ 7 میں مکنیک کی 4 ، آٹو الیکٹریشن کی 3 اور ایمبولینس اٹینڈنٹ کی 2 اسامیاں خالی ہیں ۔ گریڈ 5 میں فائر مین کی 777 میں سے 207، ایمبولینس حوالدار کی ایک اور سینیٹری ورکرز کی 7 اسامیاں خالی ہیں ۔ دستاویزات کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ میں 1353 ملازمین کی کیپسٹی میں سے 913 ملازمین موجود ہیں۔ 16 سال کے دوران ملازمین وفات پانے ، آتشزدگی کے واقعات میں شہید ، معذور اور ریٹائرڈ ہونے سے 440اسامیاں خالی ہوئی ۔محکمہ فائر بریگیڈ میں 2009 میں آخری مرتبہ بھرتیاں کی گئی تھی۔