گورنر سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، تعلقات پرگفتگو
تجارت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی پاکستان کینیڈا سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش ملک ہے ،کامران ٹیسوری
کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا۔کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے گورنر سندھ کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی بلامعاوضہ تعلیم کی فراہمی ایک قابلِ تقلید مثال ہے ۔ گورنر ہاؤس میں زیرِ تعلیم نوجوانوں نے ہائی کمشنر کو آئی ٹی تعلیم اور دستیاب سہولیات سے بھی آگاہ کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کینیڈین سرمایہ کاروں کے لیے ایک پْرکشش ملک ہے ، خصوصاً کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی مضبوط بنیاد ہے ۔ملاقات کے بعد کینیڈین ہائی کمشنر نے گورنر ہاؤس میں قائم ’’امید کی گھنٹی‘‘ اور قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے ہمراہ پاکستان اور کینیڈا کے پرچم لہرائے گئے ۔بعد ازاں شجرکاری مہم کے تحت کینیڈین ہائی کمشنر نے پودا لگایا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے ۔