کے ایم سی کا شہر کے تمام بس ٹرمینل سے تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر کے تمام بس ٹرمینل سے تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اس حوالے سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف اضلاع میں 73 ایکڑ سے زائد زمین پر قبضہ ہے۔۔۔
28 بس اور انٹرسٹی بس ٹرمینل کی اراضی پر مختلف قسم کی تجاوزات ہیں۔انہوں نے کہا کہ بس ٹرمینلز کی زمینی کی مالیت اربوں روپے ہے ، تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہے کہ ضلع غربی میں بس ٹرمینل کی تعداد 21 ہے ۔ ضلع کورنگی، ملیر اور وسطی میں بس ٹرمینل کی تعداد 6 ہے ۔ضلع جنوبی میں بس ٹرمینل کی تعداد ایک ہے ۔ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کی مدد لی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعدد بس ٹرمینلز پر اسکول اور قبرستان بن چکے ہیں۔