سدھار و دھاندرہ نیو سبز منڈی میں مضرِ صحت گوشت کی فروخت
پینسرہ (نمائندہ دنیا )سدھار، دھاندرہ نیو سبز منڈی اور ساتواں میل کے علاقوں میں مضرِ صحت جانوروں کا گوشت مہنگے داموں فروخت کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے ، جس نے شہریوں کی صحت کے ساتھ ساتھ ان کی جیب پر بھی اثر ڈالا ہے ۔
بیمار، کمزور اور بغیر ویٹرنری چیک اپ کے جانور ذبح کیے جا رہے ہیں اور وزن بڑھانے کے لیے گوشت میں پانی اور دیگر مادے شامل کیے جا رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سرکاری نرخ نامہ کے تحت گائے کا گوشت 850 روپے فی کلو اور بھینس کا گوشت 900 روپے فی کلو مقرر ہے ، تاہم نیو سبز منڈی اور ملحقہ علاقوں میں یہی گوشت 1100 سے 1300 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔ لو گوں کے مطابق ایک ماہ کے دوران پیٹ، معدے اور آنتوں کی بیماریوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جن میں اسہال، الٹی اور فوڈ پوائزننگ کے کیسز شامل ہیں۔ مقامی نجی کلینکس کے غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایسے مریضوں کی تعداد میں 20 سے 25 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ صحت اور لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ گوشت کی چیکنگ اور جانوروں کے معائنے کے لیے ٹیمیں موجود ہیں اور جلد ہی نیو سبز منڈی سمیت دیگر علاقوں میں خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ تاہم شہریوں نے اس بیان کو روایتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر چھاپہ مار کارروائیاں کی جائیں۔