پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر سپرنگ فیسٹیول
ہماری دوستی پہاڑوں سے بلند ،سی پیک شراکت داری کاعملی مظہر ،ملک احمد خاں
لاہور (سیاسی نمائندہ)پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر سپرنگ فیسٹیول گالا کی پروقار تقریب ہوئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین سمیت سفارتی، کاروباری اور سماجی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ملک احمد خاں نے خطاب میں کہاپاکستان اور چین آہنی بھائی اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں، جنکے تعلقات وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترے ہیں۔ پاک چین تعلقات پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہرے ہیں، جو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو پاک چین شراکت داری کا عملی مظہر قرار دیتے کہا اس منصوبے نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے دفاعی تعاون کو پاک چین باہمی اعتماد کی روشن مثال قرار دیا اور کہا دونوں ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں تعاون مستقبل میں نئی راہیں کھول رہا ہے ۔ پنجاب میں چینی سرمایہ کاری صوبے کی مجموعی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے نہایت اہم ہے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی آنے والی نسلوں کیلئے امن، خوشحالی اور ترقی کی ضمانت ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔