کارڈیالوجی ا نسٹیٹیوٹ ڈین کا چارج گائناکالوجسٹ کے سپرد
گائناکالوجسٹ پرنسپل پروفیسر طیبہ ہی جناح انسٹیٹیوٹ کی بھرتیاں کر رہیں پرنسپل کے پاس عارضی چارج ، مستقل ڈین جلد لگادیاجائے گا :صوبائی وزیر
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈین کا چارج گائناکالوجسٹ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج کو سونپنے کا انکشاف، گائناکالوجسٹ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم ہی جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی بھرتیاں کر رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا بورڈ آف گورنرز موجود لیکن موزوں ڈین نہیں مل سکا ، انسٹیٹیوٹ میں مستقل ڈین کے بغیر ہی کام چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈین کیلئے عمر کی حد 70 برس تک کرنے کے باوجود تقرری نہیں ہوسکی ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت سپشلائزد ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم کے پاس عارضی چارج ہے یہ پروجیکٹ جناح ہسپتال کا فیز ٹو ہے اور فنڈز ریلیز کرنے اور معاملات کو چلانے کیلئے پرنسپل کو سیگنیٹری اتھارٹی دی گئی ہے تاکہ فنڈز وغیرہ ریلیز ہوسکیں اور ترقیاتی کام جاری رہ سکیں ۔جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالو جی کے مستقل ڈین کیلئے درخواستیں موصول ہو گئی ہیں، انٹرویو کے بعد مستقل ڈین جلد لگا دیا جائے گا ۔