ایف بی آر کی کارروائیوں کیخلاف پرائیویٹ ڈاکٹرز کی ہڑتال
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ایف بی آر کی جانب سے پرائیویٹ ہسپتالوں اور ڈاکٹرز کے نجی کلینکس سے ٹیکس ریکوری کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کے خلاف پرائیویٹ میڈیکل ایسوسی ایشن کی احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز فیصل آباد سمیت گجرات، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، پیر محل اور تاندلیانوالہ میں پرائیویٹ ڈاکٹرز کی جانب سے ہڑتال کی گئی، جس دوران نجی ہسپتالوں کی او پی ڈیز مریضوں کے لیے بند رہیں۔اس حوالے سے پرائیویٹ میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایف بی آر حکام نے مذاکرات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹم اور مانیٹرنگ کے لیے تعینات انسپکٹرز کو چار ہفتوں کے اندر ہٹا لیا جائے گا، تاہم یہ وعدہ تاحال پورا نہیں کیا گیا۔پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر سہولت نواز کے ہمراہ دیگر رہنماؤں ڈاکٹر عاطف، ڈاکٹر آصف رضا، ڈاکٹر سلطان، ڈاکٹر رائے عارف اور ڈاکٹر مسرت الحسن نے مشترکہ بیان میں کہا کہ نجی ہسپتالوں اور کلینکس پر پوائنٹ آف سیل سسٹم کا نفاذ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 175 سی اور پی او ایس سسٹم کی وضاحت کرتے ہوئے اس کے عملی مسائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈاکٹرز کسی قسم کی اشیاء کی خرید و فروخت کرنے والے تاجر نہیں بلکہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں انسانیت کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ‘‘بہترین دفاع مؤثر حملہ ہے ’’ اور ڈاکٹرز اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔