ڈی ڈی ڈبلیو پی:ٹریفک روانی بہتر کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ڈی ڈی ڈبلیو پی:ٹریفک روانی بہتر کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ملتان برانڈ روڈ منصوبے کیلئے ساڑھے 360ملین مقرر،پیرا فورس انفورسمنٹ سنٹر میاں چنوں اورسول انفورسمنٹ سنٹرکاقیام شامل، سکیمیں بروقت،معیار کیساتھ مکمل کرنیکی ہدایت

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں ملتان کے برانڈ روڈ کو کنجیشن سے نجات دلا کر سہولت بخش سڑک میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی جس پر مجموعی طور پر 360.589 ملین روپے لاگت آئے گی۔منصوبے کے تحت برانڈ روڈ کی مجموعی لمبائی 0.61 کلومیٹر ہوگی، سڑک کی چوڑائی بہتر بنائی جائے گی اور جدید پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔

آن سٹریٹ پارکنگ کی سہولت کے ذریعے 376گاڑیوں کی پارکنگ گنجائش فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے سے گول باغ، شریف کمپلیکس اور بوسن روڈ کے اطراف ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں ضلع خانیوال کے لیے پیرا فورس انفورسمنٹ سنٹر میاں چنوں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جس پر 101.041 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اسی طرح جہانیاں تحصیل میں سول انفورسمنٹ سنٹر کے قیام کی منظوری دی گئی، جس پر 122.5 ملین روپے خرچ ہوں گے ۔ پیرا سول انفورسمنٹ مراکز کے قیام سے سرکاری قوانین کے مؤثر نفاذ اور عوامی سہولیات میں بہتری متوقع ہے ۔کمشنر ملتان نے اجلاس کے اختتام پر ہدایت کی کہ تمام منظور شدہ ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں۔دریں اثنائکمشنر نے ملتان ایونیو کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار، معیار اور مجموعی پیش رفت کا معائنہ کیا۔کمشنر ملتان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام مقررہ مدت میں اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملتان ایونیو کو جدید شہری معیار کے مطابق تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔اس موقع پر کمشنر ملتان نے کہا کہ شہری سہولیات میں بہتری کے لیے ترقیاتی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور ملتان ایونیو شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری کا باعث بنے گا۔ دورے کے دوران ایس ای ہائی ویز غلام نبی نے ترقیاتی منصوبے کی رفتار اور معیار سے متعلق کمشنر ملتان کو تفصیلی بریفنگ دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں