بی زیڈ یو :چوری کی وارداتیں جاری، ناقص سکیورٹی بے نقاب

بی زیڈ یو :چوری کی وارداتیں جاری، ناقص سکیورٹی بے نقاب

موٹر سائیکلوں، موبائل فونز ودیگر سامان ، ٹرانسفارمرزچوری ہونے کی شکایات گارڈز کو مسلح کر دیا گیا، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام بھی مزید سخت

ملتان (خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی ملتان میں سکیورٹی کی ناقص صورتحال کے باعث چوریوں اور دیگر وارداتوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ، جس پر طلبہ، اساتذہ اور ملازمین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ یونیورسٹی کیمپس میں موٹر سائیکلوں، موبائل فونز، قیمتی سامان اور ٹرانسفارمرز کی چوری کی متعدد شکایات سامنے آ چکی ہیں، تاہم صورتحال پر قابو پانے میں انتظامیہ اب تک ناکام دکھائی دیتی ہے ۔ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات اور وارداتوں کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کیمپس میں تعینات سکیورٹی گارڈز کو مسلح کر دیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ کیمپس میں گشت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے ۔طلبہ اور ملازمین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے بعض حصوں میں بالخصوص رات کے اوقات میں سکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر بلاخوف وارداتیں کرتے ہیں۔ متاثرہ حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کیمپس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھائی جائے اور غیر فعال کیمروں کو فوری طور پر فعال کیا جائے ۔یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے مزید اقدامات زیر غور ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق طلبہ اور عملے کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں