12 ارب کا ترقیاتی پیکیج، سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن ہو گی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر پنجاب حکومت نے فیصل آباد کے شہریوں کے لیے 12 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے ،
جس کے تحت شہر کے ایسٹرن اور ویسٹرن علاقوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن مکمل کی جائے گی۔اس ضمن میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق پنجاب حکومت کے تحت منظور ہونے والا یہ پیکیج شہر کے ایسٹ اور ویسٹ میں سیوریج سسٹم کی ترقیاتی سکیموں پر خرچ کیا جائے گا۔ثاقب رضا نے مزید کہا کہ نئے ترقیاتی پیکج کے لیے ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ٹینڈرز جاری ہو چکے ہیں اور ٹیکنیکل بڈز جمع کرادی گئی ہیں۔ قوی امید ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے سے ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام شروع کروا دیا جائے گا۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ اس پیکج کے تحت نئی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ پرانی لائنوں کو تبدیل کرکے مکمل طور پر بحال کیا جائے گا، تاکہ شہر میں سیوریج کے نظام کو مؤثر اور شہریوں کے لیے قابلِ اعتماد بنایا جا سکے ۔