کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال بھاگٹانوالہ کا دورہ،سہولیات کا جائزہ

کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال بھاگٹانوالہ کا دورہ،سہولیات کا جائزہ

ایمرجنسی وارڈ،لیبارٹری، ڈینٹل ، ایکسرے یونٹ اور ادویات سٹور کا معائنہ مریضوں کے علاج میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،شوکت علی

بھاگٹانوالہ(نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر سرگودھا نے ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات، لیبارٹری، ڈینٹل یونٹ، ایکسرے یونٹ اور ادویات سٹور کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج، ادویات کی دستیابی اور طبی عملے کے رویے سے متعلق فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔دورے کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال بھاگٹانوالہ کو ری ویمپنگ پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے ، جہاں روزانہ اوسطاً 300 او پی ڈی جبکہ ایمرجنسی میں 100 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے صحت کے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، عملے کی مکمل حاضری اور ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عدنان اصغر، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد گل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں