عالمِ دین پر حملہ انتہائی افسوس ناک :جمعیت اہلحدیث

 عالمِ دین پر حملہ انتہائی افسوس ناک :جمعیت اہلحدیث

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظمِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا حافظ سلطان محمد کی بیٹی سمیت دہشت گردانہ حملے میں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ ایک عالمِ دین پر اہلِ خانہ کے ہمراہ سفر کے دوران حملہ انتہائی افسوس ناک اور دلخراش واقعہ ہے ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنماؤں نے کہا کہ یہ حملہ وطنِ عزیز کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ۔ دہشت گرد قوتیں انسانیت کی دشمن ہیں اور ان کا کسی دین یا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے عناصر استعماری طاقتوں اور اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے ایما پر ملک کو کمزور کرنے کے لیے دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور مولانا حافظ سلطان محمد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں