کشمیر کی آزادی ،عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ،فیصل راٹھور
بھارتی جیلوں میں قید کشمیر ی لیڈروں کی زندگی کو خطرہ ،عالمی برادری نوٹس لے
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق نے ملاقات کی۔ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم قومی و ریاستی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک سمیت کشمیری قائدین اور حریت پسند عوام جو بھارتی جیلوں میں قید ہیں، ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والدِ محترم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے جموں و کشمیر کی آزادی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ جماعت اسلامی کا تحریکِ آزادی کشمیر میں ایک اہم اور تاریخی کردار ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ڈاکٹر مشتاق نے وزیراعظم کو منصبِ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔