رجانہ میں وائلڈ لائف پارک خستہ حالی کا شکار
رجانہ(نمائندہ دنیا)رجانہ وائلڈ لائف پارک خستہ حالی کا شکار، جھولے اور بینچ بھی ٹوٹ پھوٹ چکے ۔ پارک میں آنے والے بچے جھولوں کی ابتر حالت دیکھ کر مایوس لوٹنے پر مجبور ہیں ۔
بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں کے ہمراہ آنے والے افراد کو بیٹھنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ پارک میں پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات بھی ناپید ہیں ۔پارک انچارج کے مطابق پارک کی بہتری کیلئے ترقیاتی فنڈز دستیاب نہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پارک کی خستہ حالت کا فوری نوٹس لیا جائے ، بچوں کیلئے نئے محفوظ اور معیاری جھولے نصب ، ٹوٹے بینچ تبدیل اور پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات فوری فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو معیاری تفریحی ماحول میسر آ سکے ۔