چنیوٹ:غیر اعلانیہ بجلی و گیس لوڈشیڈنگ، عوام کو مشکلات
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )چنیوٹ میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے ، جبکہ ایل پی جی کی من مانی قیمتوں پر فروخت نے سرکاری اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔
یہ بات پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبران مرکزی و صوبائی کونسل، ڈاکٹر خالد یاسین، راجہ ریاض احمد خان اور سینئر رہنما چوہدری شاہد وقار سلارہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ ایک وفاقی وزیر کے علاقے میں ہونے کے باوجود وفاق کے زیر انتظام اداروں کی من مانی سے شہری پریشانیوں کا شکار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بجلی اکثر کئی کئی گھنٹے بند رہتی ہے اور فیسکو کے شکایات نمبر پر موجود عملہ صارفین کے فون نہیں اٹھاتا، جس سے صارفین مجبوراً براہ راست حکام سے رابطے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح شہر میں سوئی گیس بھی محدود مقدار میں دستیاب ہے ، اور شکایات کی صورت میں صارفین کو فیصل آباد کے دفاتر تک جانا پڑتا ہے ، حالانکہ 16 لاکھ سے زائد آبادی کے شہر کے لیے ایک خود مختار دفتر کی شدید ضرورت ہے ۔مسلم لیگ ن رہنماؤں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ چنیوٹ میں فوری طور پر سوئی گیس کے شکایات کے ازالے کے لیے خود مختار دفتر قائم کیا جائے ، گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کے لیے فوری نوٹس لیا جائے ۔