پولیس اہلکاروں کے بچوں کیلئے تعلیمی فیس میں رعایت کا ایم او یو

پولیس اہلکاروں کے بچوں کیلئے تعلیمی فیس میں رعایت کا ایم او یو

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پنجاب پولیس کے ریجنل آفس فیصل آباد اور ایک نجی تعلیمی ادارے کے درمیان پولیس افسران و اہلکاروں کے بچوں کو تعلیمی فیس میں خصوصی رعایت فراہم کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) طے پا گئی۔

آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور نجی ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد علی نے معاہدے پر دستخط کیے ۔ اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ معاہدے کا مقصد پولیس فورس کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیم کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔معاہدے کے تحت پولیس شہدا کے بچوں کو کمپیوٹر کورسز میں 100 فیصد جبکہ ماڈرن لینگویج کورسز میں 60 فیصد فیس رعایت دی جائے گی۔ غازی پولیس افسران کے بچوں کو کمپیوٹر کورسز میں 75 فیصد اور ماڈرن لینگویج کورسز میں 50 فیصد رعایت ملے گی، جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے کمپیوٹر کورسز میں 50 فیصد اور ماڈرن لینگویج کورسز میں 40 فیصد فیس میں کمی کی جائے گی۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دن رات خدمات انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی محکمہ پولیس کی فلاحی پالیسی کا اہم حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کے خاندانوں کا محفوظ مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے ، جبکہ ریجنل پولیس فیصل آباد اپنے شہدا، غازی اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے پرعزم ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں