رمضان نگہبان پیکیج :محنت کشوں کو 10ہزارفوری ادائیگی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے رمضان نگہبان پیکیج کے تحت پنجاب سوشل سکیورٹی سے رجسٹرڈ 12 لاکھ سے زائد محنت کشوں کو ماہ رمضان میں 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔
فیصل آباد میں بھی رجسٹرڈ محنت کش اس امداد سے مستفید ہو رہے ہیں۔فیصل آباد کے وہ محنت کش جنہیں ابھی تک مریم نواز شریف راشن کارڈ نہیں ملا، ان کے لیے بنک آف پنجاب نے واضح طریقہ کار وضع کیا ہے ۔ ان محنت کشوں کے موبائل نمبر پر بنک کی جانب سے چھ ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ بھیج دیا گیا ہے ۔محنت کش اپنا پن کوڈ اور شناختی کارڈ لے کر اپنے گھر یا صنعتی یونٹ کے قریب موجود HBL Konnect، UBL Omni اور Alfa Pay کے ایجنٹ کے پاس جائیں۔ ایجنٹ کے سامنے شناختی کارڈ اور پن کوڈ دکھانے کے بعد اپنا بائیو میٹرک کروا کر فوری طور پر 10 ہزار روپے وصول کر سکتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ 10 ہزار روپے پر کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی، لہٰذا محنت کش اپنی پوری رقم ایجنٹ سے براہِ راست وصول کریں۔