علماکا ایران سے اظہارِ یکجہتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)علمائے کرام نے ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
مظاہروں کو پرتشدد بنانے والے عناصر ایران کے ہرگز خیرخواہ نہیں ہو سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل ضلع فیصل آباد کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ اظہار الحق خالد نے علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ایران کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی خودمختار ریاست کی سرزمین پر جارحیت کھلی دہشت گردی ہے اور ایران پر حملہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور عالمی اصولوں کے منافی ہے ۔صاحبزادہ اظہار الحق خالد نے کہا کہ اسرائیل، بھارت اور دیگر اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، لہٰذا موجودہ صورتحال میں امتِ مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے ماہِ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی اور جنگی کیفیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی افواج کی جرات و بہادری پر پہلے بھی فخر تھا اور آج بھی ناز ہے ۔ وقت آ گیا ہے کہ مسلم ممالک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے دشمن کو ایک منظم اور واضح پیغام دیں۔