بیمار برائلر کا گوشت بیچنے والے کو جرمانہ، مرغیاں تلف
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چودھری ابرار احمد نے کم عمر، بیمار اور لاغر (سیپی) مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والے دوکاندار مقصود احمد رحمانی کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے سینکڑوں مرغیاں تلف کر دیں۔
اطلاع کے مطابق مقصود احمد طویل عرصے سے بیمار اور لاغر مرغیوں کا گوشت شہر کے مختلف ہوٹلوں اور شوارما پوائنٹس پر فراہم کر رہا تھا۔ مجسٹریٹ اور وٹرنری افسر کی چھاپے کے دوران یہ بات ثابت ہوئی، جس پر دکان سیل اور مالک کو آٹھ گھنٹے کے لیے حوالات میں رکھا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ دوکاندار دیگر چکن فروشوں سے فی کلو 100 روپے کم نرخ وصول کر رہا تھا، جس سے دیگر دکاندار پریشان تھے کیونکہ اس قیمت پر فروخت کیے جانے والا گوشت غیر معیاری اور نقصان دہ تھا۔