پلاسٹک بیگز کا استعمال روکنے کیلئے اقدامات غیر مؤثر

 پلاسٹک بیگز کا استعمال روکنے کیلئے اقدامات غیر مؤثر

بیگز کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے : شہری

چناب نگر (نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات مؤثر ثابت نہیں ہو رہے اور مختلف ساخت و سائز کے پلاسٹک شاپنگ بیگز دوبارہ آزادانہ طور پر فروخت اور استعمال کیے جا رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق چند ماہ قبل ضلعی انتظامیہ نے پلاسٹک شاپنگ بیگز فروخت کرنے والے تمام دکانداروں کو پابند کیا تھا کہ وہ صرف 2 کلو، 5 کلو اور 10 کلو وزن والے بیگز فروخت کریں اور ان کی موٹائی 85 مائیکروگرام ہو۔

اس اقدام کے بعد ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی پاسداری خاصی نظر آئی، تاہم جیسے ہی مارکیٹ وزٹس میں کمی کی گئی، پلاسٹک بیگز کی مختلف اقسام دوبارہ فروخت اور استعمال ہونے لگیں۔شہریوں نے بتایا کہ بعض دکانوں پر مختلف ساخت و اقسام اور اوزان کے پلاسٹک شاپنگ بیگز واضح طور پر رکھے گئے ہیں جبکہ بعض دکاندار انہیں چھپا کر ضرورت کے مطابق خریدار کو فراہم کرتے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ سے اپیل کی ہے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے اور ان پر مستقل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے ضلعی اقدامات رائیگاں نہ جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں