حکمران اپنے شاہانہ اخراجات کم کریں : محبوب الزماں
عام شہری کیلئے موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانا بھی مشکل بنا دیا گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ حکمران پٹرول مہنگا کرنے کے بجائے اپنے پرتعیش پروٹوکول، سرکاری گاڑیوں کے بے دریغ استعمال، بیرونی دوروں اور شاہانہ اخراجات میں کمی کریں۔ ایک طرف حکمران طبقہ پروٹوکول کے لمبے قافلے ، اربوں روپے کے سرکاری محلات، غیر ضروری بیرونی دوروں اور پرتعیش اخراجات پر قومی خزانہ لٹا رہا ہے تو دوسری طرف عام شہری کو موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کے وسائل پر قابض اشرافیہ خود عیش و عشرت کی زندگی گزار رہی ہے جبکہ عام آدمی کو مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے ۔ عوام سے قربانی کا مطالبہ کرنے والے حکمران پہلے اپنی شاہ خرچیاں ختم کریں۔محبوب الزماں بٹ کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کا اصل مسئلہ عالمی منڈی نہیں بلکہ حکومت کی طرف سے عائد کردہ ظالمانہ ٹیکس، لیوی اور ڈیوٹیاں ہیں جو عوام کا معاشی گلا گھونٹ رہی ہیں۔ حکومت ایک لیٹر پٹرول پر ایک عام شہری سے تقریباً 120 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسوں کی مد میں وصول کر رہی ہے ، جبکہ گزشتہ دو برسوں میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کی مد میں تقریباً 2600 ارب روپے وصول کیے گئے ہیں۔