شہر بھر میں پیشہ وربھکاریوں کے ڈیرے، متعلقہ ادارے کارروائی کرنے میں غیر سنجیدہ
بااثر افراد کی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ حکام کو نذرانے اور تحائف بھی دیتے ہیں،شہریوں کی متعدد شکایات کے باوجود بھکاری کمائی کرنے میں مصروف ، فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں : شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر بھر میں پیشہ ور بھکاری پنجے جما چکے ہیں۔ یہ بھکاری معذوری اور غربت کے بہانے بنا کر شہریوں سے مختلف طریقوں سے پیسے بٹور کر اپنی جیبیں بھرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے اصل مستحق افراد مالی امداد سے محروم رہ جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ماہ مقدس میں شہری نذر و نیاز اور صدقہ خیرات میں اضافہ کرتے ہیں، جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پیشہ ور بھکاری زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں۔ شہر کی مارکیٹوں، بازاروں، چوک چوراہوں، ٹریفک سگنلز اور دیگر اہم مقامات پر بھکاری اپنے گروہوں کے ذریعے شہریوں سے بھیک لیتے ہیں۔
ان گروہوں کی سرپرستی بعض بااثر اور ہائی پروفائل افراد کرتے ہیں، جس کی وجہ سے متعلقہ ادارے ان کے خلاف کارروائی کرنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بااثر افراد کی سرپرستی میں کام کرنے والے یہ گروہ حکام کو نذرانے اور تحائف دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے ۔ شہریوں کی متعدد شکایات کے باوجود بھکاریوں کی سرگرمیاں جاری ہیں اور وہ شہریوں کے لیے درد سر بن چکے ہیں۔شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خاتمے کے لیے فوری اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ واقعی مستحق افراد کو مالی امداد میسر ہو سکے اور شہر سے بھکاری مافیا مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔