زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز کو جرمانے ، گاڑیاں بند
اسسٹنٹ کمشنر اشفاق رسول اور سائرہ رفیق نے متعدد گاڑیوں کو چیک کیا
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سخت احکامات پر عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران مسافر بسوں میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیرنگرانی اسسٹنٹ کمشنر اشفاق رسول اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سائرہ رفیق نے گزشتہ روز مسافر ٹرانسپورٹ سٹینڈز اور شاہرات پر ناکے لگا کر متعدد گاڑیوں کو چیک کیا۔انہوں نے بسوں کے اندر جا کر مسافروں سے کرایوں کی وصولی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور زائد کرایہ وصول کرنے اور کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزاں نہ کرنے پر ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو جرمانے کیے ۔انہوں نے عید کے موقع پر آبائی گھروں کو جانے والے مسافروں کے استحصال پر مختلف گاڑیوں کے چالان کیے جبکہ بعض گاڑیوں کو تھانوں میں بند بھی کر دیا گیا۔مزید برآں بس سٹینڈز میں صفائی کی صورتحال اور ویٹنگ ایریاز میں مسافروں کے بیٹھنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے واضح کیا کہ عیدالفطر کے بعد واپس آنے والے مسافروں سے کرایوں کی وصولی کے عمل کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔