پستول صاف کرتے بیٹے سے گولی چل گئی ،ماں جاں بحق
ملزم کے بھا ئی زنیر نے پولیس کو کال کرکے ڈکیتی میں قتل کی جھوٹی اطلاع دی
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ صدر کے علاقہ افتخار کالونی میں پستول صاف کرتے اچانک گولی چلنے سے بیٹے کے ہاتھوں ماں جاں بحق ہو گئی ،پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کے مطابق افتخار کالونی کے رہائشی اقبال نے تھانہ صدر میں درخواست دی کہ اس کے بیٹے 24 سالہ عمیر نے گھر میں غیر قانونی پستول رکھا ہوا تھا۔ عید کے پہلے روز وہ پستول صاف کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جو سامنے کھڑی اس کی والدہ شمیم اختر کو جا لگی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ واقعہ کے بعد اس کے چھوٹے بیٹے زنیر نے 15 پر جھوٹی کال کر کے اطلاع دی کہ ان کی والدہ ڈکیتی کے دوران قتل ہوئی ہیں جو بعد ازاں غلط ثابت ہوئی۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم عمیر کو گرفتار کر لیا جبکہ جھوٹی اطلاع دینے کے معاملے پر بھی کارروائی شروع کر دی گئی ۔ حکام کے مطابق واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں ۔