ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کا چک نمبر 30 ج ب کا دورہ
کھیتوں میں کام کرنیوالی خواتین کو بریفنگ ، دھان کیلئے مشینری دینے کا فیصلہ
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے چک نمبر 30 ج ب کا دورہ کیا۔ پنجاب حکومت کے تعاون سے کسانوں کو دھان کی فصل کی کاشت اور تکمیل کے تمام مراحل کے لیے جدید مشینری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کو بھی بریفنگ دی گئی۔تفصیلات کے مطابق وفد میں ڈاکٹر اللہ دتہ بابر، ڈاکٹر احمد نواز، ڈاکٹر امان اللہ اور ڈاکٹر قیصر خاں شامل تھے ، جنہوں نے سیکرٹری اطلاعات و نشرواشاعت انجمن کاشتکاران پنجاب رانا محمد خاں بھٹی، آرگنائزر انجمن کاشتکاران فیصل آباد ڈویژن چوہدری اویس اسلم، معروف پروگریسو فارمرز سردار محمد عمران ڈوگر اور رانا شبیر احمد خاں کے ساتھ توکل زرعی ماڈل فارم چک 30 ج ب پر مقامی کسانوں اور کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کے ساتھ میٹنگ کی۔میٹنگ کا مقصد کسانوں اور مشینری کرائے پر چلانے والوں کو دھان کی نرسری لگانے ، کھیت میں منتقل کرنے ، کٹائی اور فصل کی باقیات کی گانٹھیں بنانے تک کے تمام عمل کے لیے جدید مشینری فراہم کرنا تھا۔ وفد نے یہ بھی جائزہ لیا کہ ان مشینوں کے استعمال سے کھیت میں کام کرنے والی مزدور خواتین کی آمدن پر کیا اثر پڑ سکتا ہے ۔