شورکوٹ :پیرا فورس کی کارروائیاں، گرانفروشوں پر جرمانے
مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مختلف بازاروں، دکانوں پر چیکنگ کی گئی
شورکوٹ (نمائندہ دنیا) حکومت پنجاب کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ میڈم صدف اکبر کی زیر نگرانی پیرا فورس کی جانب سے پرائس کنٹرول کے لیے بھرپور چیکنگ جاری ہے ۔شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مختلف بازاروں، دکانوں اور مارکیٹس کا اچانک معائنہ کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران سرکاری نرخ ناموں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانے عائد کیے گئے ۔حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پرائس کنٹرول مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ شہریوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے مہم کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا۔