سمن آباد سمندری روڈ پر نہر کنارے واقع لینئر پارک کی تزئین وبحالی کا فیصلہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ نے سمن آباد سمندری روڈ پر نہر کنارے واقع لینئر پارک کی تزئین وبحالی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پارک میں ہارٹیکلچر ورک اور سپورٹس کے لئے حصے مختص کئے جائیں گے۔
کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خاں،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان اور سی او میونسپل کارپوریشن مرتضی ٰملک ودیگرافسران کے ہمراہ پارک کا دورہ کیا۔ کمشنر نے پارک میں پریکٹس کے کرکٹ پچز،بیڈمنٹن کورٹ،واکنگ ٹریک ودیگر تفریحی اورکھیلوں کی سہولیات کے ساتھ پلانٹیشن اور دیدہ زیب ماڈلز نصب کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے ہارٹیکلچر ایجنسی کو فوری پلان تیارکرکے پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری تفریح اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے جس کے لئے پارکوں کی حالت کو سنوارنے کے ساتھ سہولیات سے آراستہ کرنے کی مہم جاری ہے۔