مفتی امام احمد رضا خان نے نفرتوں کوختم کرنے کیلئے عشق مصطفیٰؐ کے پیغام کو عام کیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مفتی امام احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفرتوں کوختم کرنے کیلئے عشق مصطفیٰﷺ کے پیغام کو عام کیا۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے۔
آپ رحمتہ اللہ علیہ نے دو قومی نظریے کی بنیاد رکھی۔ مفتی اما م احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ محدث، فقیہی اورسچے عاشق رسول ﷺتھے ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے ساری زندگی تبلیغ اسلا م اور خدمت انسانیت کیلئے وقف کی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویثرنل صدر وممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے مفتی امام احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ کے یوم ولادت کے موقع پر قائد اعظم پار ک میں منعقدہ کیک کٹنگ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی امام احمد ر ضا خان رحمتہ اللہ علیہ نے مسلمانوں کی علمی، نظریاتی اور سیاسی حالت سنوارنے کے لیے عمر بھرجدوجہد کی۔
اولیاء کاملین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے میں امن و سکون اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ پاکستان سنی تحریک اولیاء کاملین کی تعلیما ت کو عام کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ حکومت مفتی امام احمد رضا رحمتہ اللہ علیہ کی زندگی کے واقعات کوتعلیمی نصاب کا حصہ بنائے ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کے شاگرد اور مریدین پوری دنیا میں خدمت اسلام میں مصروف عمل ہیں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کو 55سے زائد علوم اور فنون پر مہارت تھی۔علم و عمل کے میدان میں مفتی اما م احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات سے بہرہ ور ہو کر شکست خوردہ قوم میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ۔