شہر کے 126پارکوں کی مکمل بحالی کا پلان طلب
سہولیات کیلئے نجی شعبہ کی شمولیت، گرین بیلٹس کی خوبصورتی بڑھانے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو پارکوں میں معیاری تفریحی ماحول اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت ہارٹیکلچر ایجنسی کا بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے شہر کے 126 پارکوں، جو 50 فیصد سے زائد سہولیات سے آراستہ ہیں، کی سو فیصد بحالی کا جامع پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارکوں کو مکمل سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے نجی شعبہ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں اور پارک اپنائیں پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے شہر کی گرین بیلٹس کو مزید جاذبِ نظر بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے باغ جناح میں بچوں کے لیے مختص ایریا کو مزید خوبصورت بنانے کا ٹاسک بھی تفویض کیا۔اجلاس میں شاہرات پر درختوں کی یکساں انداز میں کانٹ چھانٹ (ٹریمنگ) کے لیے جدید مشینری کی خریداری پر بھی زور دیا گیا۔