سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیح : کمشنر
ڈپٹی کمشنر ،آر پی او اور سی پی او کیساتھ گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر)327ویں سالانہ بیساکھی تہوار کے موقع پر سکھ یاتریوں کی متوقع آمد کے پیش نظر ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ متحرک ہوگئی ،کمشنر نوید حیدر شیرازی نے ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد اور سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل کے ہمراہ گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کیا، سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ افسر وں نے بریفنگ دی۔
کمشنر نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے افسر وں کو ہدایت دی کہ گورودوارہ اور گرد و نواح میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں، جدید سکیورٹی کیمروں کی تنصیب مکمل کی جائے جبکہ ہیلتھ کیمپس کے قیام کے ذریعے طبی سہولیات کی فوری دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کو بھی بروقت مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔