واسا کے ترقیاتی منصوبے تیز، اربوں کی سکیموں پر کام جاری
سیوریج و نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں: کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت واسا فیصل آباد شہریوں کو سیوریج، ڈرینج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ اس ضمن میں شہر میں 10 ارب روپے کی لاگت سے چیف منسٹر پیکج کے تحت 14 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے ۔علاوہ ازیں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 12 ارب روپے کے فنڈز سے ایسٹرن اور ویسٹرن سائیڈ پر 18 سکیموں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جبکہ 79 ارب روپے سے فارن فنڈڈ 4 سکیمیں بھی زیر تکمیل ہیں۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے ادارے کی ورکنگ، کارکردگی اور جاری منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ ڈویلپمنٹ پیکجز کے ذریعے سیوریج کے دیرینہ مسائل کا حل یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ واسا 2110 کلومیٹر سیور لائنز کی بحالی کے ساتھ 49 کلومیٹر ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان پیکجز میں روڈ سائیڈ ڈرینز اور سڑکوں کی بحالی، مین ہول کورز کی تنصیب اور نئی آبادیوں میں سیوریج نیٹ ورک کا قیام شامل ہے ۔کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری سروسز کی فراہمی کے لیے واسا درست سمت میں گامزن ہے ، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کر کے دیرینہ مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔