جڑا نوالہ :سٹیڈیم روڈ کی تعمیر ایک ہفتے میں مکمل کر نے کا حکم
سڑکوں کی ابتر حالت کو بہتر بنانے کیلئے بھی جلد کام شروع کیا جا رہا:رنگزیب گورائیہ
جڑانوالہ(نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ نے کہا ہے کہ سٹیڈیم روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتار انداز میں جاری رکھتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر مکمل کر لی جائے گی۔یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سٹیڈیم روڈ پر ابتدائی مرحلے کے تحت مٹی ڈالنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور آئندہ ایک دو روز میں باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر کی دیگر سڑکوں کی ابتر حالت کو بہتر بنانے کے لیے بھی جلد کام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے ۔