سی ایم چلڈرن ہارٹ پروگرام کے تحت نایاب کامیاب سرجری
فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 5 دن کے نومولود بچے کے سرجری کی گئی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (FIC) نے ایک نایاب اور پیچیدہ کیس کا کامیاب آپریشن کر کے اہم کامیابی حاصل کی ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 5 دن کے نومولود بچے کے دل کی شریانیں پیدائشی طور پر غیر معمولی سمت میں مڑی ہوئی تھیں۔ والدین بچے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے ، جہاں فوری طور پر اینجوگرافی کی گئی، جس سے دل کی سنگین صورتحال سامنے آئی اور بچے کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا۔ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق نے بتایا کہ کیس کی رپورٹس بلا تاخیر لاہور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بھجوائی گئیں اور ایمرجنسی بنیادوں پر آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر ماہر سرجن ڈاکٹر عاصم کو معاونت کے لیے طلب کیا گیا، جبکہ سرجری ڈاکٹر ضیغم رسول نے ان کی نگرانی میں انجام دی۔آپریشن ٹیم میں ڈاکٹر محمد علی، ڈاکٹر موتیا، ڈاکٹر عثمان ضیاء، ڈاکٹر اظہر، ڈاکٹر اسامہ، ڈاکٹر شعیب، ڈاکٹر عائشہ، ڈاکٹر وسیم اور محمد عمران سمیت دیگر ماہرین شامل تھے ۔ڈاکٹرز کے مطابق بچے کو پیدائش کے پانچویں روز ہی آپریشن کے لیے داخل کیا گیا تھا اور کامیاب سرجری کے بعد 13ویں روز مکمل صحتیابی کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق نے بتایا کہ اس نوعیت کا کیس ادارے کی تاریخ میں پہلی بار سامنے آیا ہے ، جس میں اللہ کے فضل اور ماہر ٹیم کی مہارت سے کامیابی حاصل ہوئی۔