مچھروں اور مکھیوں کی بھرمار، وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ

مچھروں اور مکھیوں کی بھرمار، وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ

بچوں میں بخار اور دیگر بیماریوں کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں: شہری

چناب نگر (نامہ نگار)شہر اور اس کے گردونواح میں مچھروں اور مکھیوں کی بے تحاشا بہتات نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور انسدادِ اسپرے نہ ہونے کے باعث ان حشرات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے ، جس سے بچوں اور بڑوں میں مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔مچھروں کی کثرت کے باعث ملیریا اور ڈینگی جیسی موذی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ شہری حلقوں کے مطابق بچوں میں بخار اور دیگر بیماریوں کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں، جو والدین کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں۔اسی طرح مکھیوں کی بہتات بھی پیٹ کی بیماریوں اور مختلف انفیکشنز کا سبب بن رہی ہے ، جس سے شہری زندگی متاثر ہو رہی ہے ۔شہریوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور اسسٹنٹ کمشنر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شہر اور گردونواح میں انسدادِ مچھر و مکھی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اسپرے مہم شروع کی جائے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے اور وبائی امراض کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے انتظامیہ سے فوری اور مؤثر کارروائی کی اپیل کی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں