مبینہ مقابلہ، زیر حراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی
پو لیس ملزم علی کو سامان ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی ، ساتھیوں نے حملہ کر دیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زیر حراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا۔تھانہ صدر پولیس ڈکیتی، چوری اور راہزنی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم علی کو سامان کی ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ اس دوران اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کے لیے مبینہ طور پر پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔پولیس کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں زیر حراست ملزم علی اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، تاہم پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔