نذیر ٹاؤن میں لٹکتے تار خطرہ بن گئے ، مکینوں کا احتجاج
سیوریج کے ناقص انتظام کے باعث گندہ پانی گلیوں اور خالی پلاٹوں میں جمع
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)نذیر ٹاؤن ماموں کانجن کے مکین زمین پر گری ہوئی بجلی کے تاروں اور سیوریج کے ناقص انتظام کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔ شہریوں کے مطابق تاروں کے کرنٹ لگنے سے ایک قیمتی بھینس ہلاک ہو چکی ہے جبکہ انسانی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔نذیر ٹاؤن بنگلہ روڈ کے مکینوں نے گلیوں اور بازاروں میں گرے ہوئے بجلی کے تاروں اور نکاسی آب کے ناقص نظام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کبھی ان کے علاقے میں نظر نہیں آئے ۔ سیوریج کے ناقص انتظام کے باعث گندہ پانی گلیوں اور خالی پلاٹوں میں جمع رہتا ہے ، جس سے مچھروں کی افزائش بڑھ گئی ہے اور تعفن نے جینا محال کر دیا ہے ۔مکینوں کے مطابق مچھروں کی بہتات کے باعث راتیں اذیت میں گزرتی ہیں اور بچوں کی نیند متاثر ہونے سے ان کی تعلیم پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے کھمبوں کی کمی کے باعث تاریں زمین پر گری ہوئی ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔