چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی ہدایت
کمشنر نے دورے کے دوران فیسکو سے لوڈ مینجمنٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کو فوری طور پر سولر انرجی پر منتقل کرنے کے اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے دورے کے دوران انہوں نے فیسکو سے لوڈ مینجمنٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا۔ کمشنر نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کی عمارت کی تزئین و آرائش اور واش رومز کی بہتری کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔دورے کے موقع پر کمشنر نے انسٹیٹیوٹ میں مقیم بے سہارا بچوں سے ملاقات کی اور کلاس رومز کا معائنہ کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران ڈسٹرکٹ آفیسر روبینہ اقبال نے انہیں ادارے سے متعلق بریفنگ دی۔کمشنر نے کچن میں کھانے کی تیاری کے مراحل اور صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ لاوارث اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے لیے متحرک اور سرگرم عمل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے میں مقیم بچوں کی تعلیم، تربیت اور تفریحی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ۔ کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کی مجموعی کارکردگی اور کاوشوں کو بھی سراہا۔