لاک ڈائون: دکانداروں پر غیر ضروری سختی سے حالات خراب

لاک ڈائون: دکانداروں پر غیر ضروری سختی سے حالات خراب

ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی اجازت ہونے یا پابندی سے مستثنیٰ دکانوں کو بھی زبردستی بند کروایا جانے لگا،معاشی دبائو کا شکارکاروباری طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہو گیا نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ فوڈ پوائنٹس کو ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی مکمل اجازت ہے :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )مہنگائی اور معاشی بدحالی کے شکار شہریوں اور دکانداروں پر غیر ضروری سختی نے حالات مزید خراب کر دئیے ۔ پیرا فورس اور پولیس اہلکار وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی آڑ میں اختیارات سے تجاوز کرنے لگے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی اجازت ہونے یا پابندی سے مستثنیٰ دکانوں کو بھی زبردستی بند کروایا جانے لگا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا دی۔موجودہ حالات میں کفایت شعاری کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے دکانوں، شاپنگ سینٹرز اور کمرشل سرگرمیوں کے اوقات کار محدود کیے گئے ، جس کا مقصد بجلی اور متبادل ایندھن کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنا تھا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی کہ تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں، جبکہ شادی ہالز کو رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دیا گیا۔ گھروں اور فارم ہاؤسز میں شادی کی تقریبات پر بھی رات 10 بجے کے بعد پابندی عائد کی گئی۔تاہم فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، ہسپتالوں، پٹرول پمپس، بیکریز، تندوروں اور دودھ دہی کی دکانوں کو استثنیٰ دیا گیا۔

مزید برآں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کو رات 10 بجے کے بعد بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروس جاری رکھنے کی اجازت دی گئی۔اس کے برعکس پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے اہلکاروں اور پولیس نے فوڈ پوائنٹس، ملک شاپس اور بیکریز پر بھی غیر ضروری بندش نافذ کر دی۔ تحصیل جڑانوالہ کے علاقوں مکوآنہ، اڈا ورکشاپ، کھرڑیانوالہ اور تحصیل سٹی کے علاقوں منصور آباد، سوساں روڈ، سمن آباد، مدینہ ٹاؤن اور ڈی گراؤنڈ میں اہلکاروں کی جانب سے رات 8 اور 10 بجے تمام دکانیں زبردستی بند کروانے کی شکایات سامنے آئیں۔شہریوں کے مطابق دودھ دہی کی دکانوں اور بیکریز کو استثنیٰ حاصل ہونے کے باوجود بند کروایا جا رہا ہے جبکہ فوڈ پوائنٹس کو ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروس دینے سے بھی روک دیا جاتا ہے ۔ عملے اور مالکان کو حراست میں لے کر گاڑیوں میں بٹھانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی کمزور گرفت یا لاعلمی کے باعث کاروباری طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے ۔ شکایت کرنے والوں کو مبینہ طور پر انتقامی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس سے کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ معاشی دباؤ کے شکار تاجروں کے لیے مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہیں۔اس حوالے سے پیرا کے ضلعی سربراہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ فوڈ پوائنٹس کو ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی مکمل اجازت ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں