قرآن و سنت کی دعوت پوری دنیا میں عام کرنا مقصد :سمعیہ راحیل
آج کی بیٹیاں ڈگریاں حاصل کر رہیں ، سیرت اور کردار کی تربیت سے دور ہو رہی ہیں
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سینئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی نے نجی میرج ہال میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر دل تک قرآن کا پیغام پہنچانا اور قرآن و سنت کی دعوت کو پوری دنیا میں عام کرنا ہی اصل مقصد ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک غریب گھر کی لڑکی محنت سے اسسٹنٹ کمشنر بن سکتی ہے تو ہم اللہ کے کلام کے ذریعے دلوں کی حکمران کیوں نہیں بن سکتیں۔ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی نے کہا کہ آج کی بیٹیاں ڈگریاں تو حاصل کر رہی ہیں لیکن سیرت اور کردار کی تربیت سے دور ہو رہی ہیں، جبکہ موبائل ہر ہاتھ میں موجود ہے مگر قرآن سے تعلق کمزور ہوتا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ٹوبہ ٹیک سنگھ محلہ محلہ درسِ قرآن، بچیوں کے لیے سیرت کیمپس، گھریلو خواتین کے لیے تربیتی نشستیں اور طالبات کے لیے دعوتی ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد نہ کرسی ہے نہ وزارت، بلکہ ایسی نسل تیار کرنا ہے جو قرآن سے جڑی ہوئی ہو۔تقریب میں ضلعی ناظمہ جماعت اسلامی ٹوبہ تحسین آصف، حمیرا ارشد، بذلہ نور، زینب عمران، عظمیٰ عبید اور دیگر خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔