ہاکی گراؤنڈ میں واٹر ٹینک منصوبہ‘ کھلاڑیوں کا اظہار تشویش
ہاکی گراؤنڈ میں واٹر ٹینک منصوبہ‘ کھلاڑیوں کا اظہار تشویشمتعلقہ محکموں سے باقاعدہ اجازت لی ، گرائونڈ بحال کردیا جائیگا:امتیاز احمد
بورے والا (سٹی رپورٹر ) گورنمنٹ ایم سی ماڈل ہائی سکول کے ہاکی گراؤنڈ میں بارشی پانی کے سٹوریج ٹینک کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ منصوبے کے آغاز پر مقامی کھلاڑیوں اور سپورٹس حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ گراؤنڈ شہر میں ہاکی کے فروغ میں اہم کردار رکھتا ہے اس لئے اس کی اصل حیثیت برقرار رہنی چاہیے ۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی بورے والا میں تحصیل میونسپل آفیسر امتیاز احمد جوئیہ کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ افسران اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے اور اس کیلئے متعلقہ محکموں سے باقاعدہ اجازت حاصل کی گئی ہے ۔ واٹر سٹوریج ٹینک کی لمبائی 118 فٹ اور چوڑائی 80فٹ ہوگی جو زمین کے اندر مضبوط کنکریٹ سلیب کیساتھ تعمیر کیا جائیگا۔ حکام کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد اوپر مٹی ڈال کر گراؤنڈ کو دوبارہ کھیلوں کیلئے بحال کر دیا جائیگا جبکہ بارشی پانی کو محفوظ کر کے نکاسی آب بہتر بنانے اور ڈینگی سمیت دیگر مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔