گراں فروشوں کیخلاف آج سے بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ
فروٹس وسبزیاں چیک کی جائینگی،حسن نقوی،ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں رہنے کا حکمایک ہفتے کے دوران191دکانداروں پر جرمانے ،19دکانیں سربمہر،دوگرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدار ت پیر کو تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اشیائے خورونوش کی سرکاری قیمتوں پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا۔تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔کمشنر نے کہا کہ سرکاری نرخوں کے نفاذ کیلئے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کو سخت بنانے کی ضرورت ہے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ منگل اور بدھ کو گراں فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
تمام اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنی ٹیموں کے ہمراہ قیمتیں چیک کر نے کیلئے فیلڈ میں ہوں گے ، خاص طورپر فروٹس اور سبزیاں چیک کی جائیں گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سبزی منڈی میں آکشن نظام کو شفاف بنایا جاے گا۔مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ فروٹس اور سبزیوں کی قیمتیں مناسب مقرر کر نے کی انتظامیہ کی کوششوں کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں کمشنر کو بتایا گیا کہ 20 اپریل تا 26 اپریل191 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔9 لاکھ 39 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا 19 دکانیں سیل دو افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس سے قبل 13 اپریل تا 19 اپریل کے دوران ہفتہ میں 187 گراں فروشوں پر 16 لاکھ 84 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔