مسجد اقصیٰ پر صیہونی دھاوا بدترین دہشت گردی، تنظیم اسلامی
جھنڈا گاڑنے پرمسلم ممالک کے سربراہان کا محض مذمت کرنا کافی نہیں، شجاع الدین بیانات کے بجائے اسرائیل کی ان حرکتوں پر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت، گفتگو
جیکب آباد (نامہ نگار)سرکاری سرپرستی میں ناجائز صیہونی آبادکاروں کا مسجدِ اقصیٰ پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے ۔ مسلم ممالک کا مسجدِ اقصیٰ میں صیہونیوں کے اسرائیلی جھنڈا گاڑنے کی محض مذمت کر دینا ناکافی ہے ۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مذاکرات کا شوشہ چھوڑ کر ساری دنیا کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے ، جبکہ ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل نہ صرف غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی مسلمانوں کی نسل کُشی جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ لبنان میں بھی مسلسل بمباری کر رہی ہے۔
پھر یہ کہ صیہونی آبادکاروں کا اسرائیل کے خزانے اور قومی سلامتی کے وزرا کی سرکردگی میں مسجدِاقصیٰ پر دھاوا بولنا اور وہاں اسرائیلی جھنڈا نصب کرنا درحقیقت مسجدِاقصیٰ، یروشلم اور مقبوضہ فلسطین کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی مذموم کوششوں کی کڑی ہے۔ امیر تنظیم نے کہا کہ اگرچہ پاکستان سمیت 7مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں اِس اشتعال انگیز واقعہ کی مذمت کی ہے لیکن جب تک اسرائیل کی ایسی حرکتوں پر عملی اقدام نہیں اُٹھائے جاتے اُس وقت تک محض زبانی جمع خرچ سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔