دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈائون، لائن پھٹ گئی، پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈائون، لائن پھٹ گئی، پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ

بریک ڈاؤن دھابیجی کے سیکنڈ فیز میں پیش آیا،بیک پریشر کے باعث دو لائنوں کے متاثر ہونے کی اطلاع ،ترجمان واٹرکارپوریشن،متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی جا ری،کے الیکٹرک

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے اچانک بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے پانی کی لائن پھٹ گئی جس کے باعث پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ترجمان واٹرکارپوریشن کے مطابق بجلی کے بریک ڈائون کے باعث پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، بریک ڈاؤن دھابیجی کے سیکنڈ فیز میں پیش آیا۔ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش اور پانی کے بیک پریشر کے باعث دو لائنوں کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ، جس کے بعد واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام اور انجینئرز موقع پر پہنچ گئے ، ہنگامی بنیادوں پر جائزہ جاری ہے۔

ترجمان واٹرکارپوریشن کے مطابق مکمل تصدیق کے بعد فوری مرمتی کام کا آغاز کیا جائے گا، کے الیکٹرک کی جانب سے بار بار ہونے والے اچانک بریک ڈاؤنز شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق صورتحال کو بروقت کنٹرول کرتے ہوئے پانی کی ترسیل کے نظام کو مکمل طور پر بند ہونے سے بچا لیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فالٹ کے باوجود 22 میں سے 18 پمپنگ موٹرز کو بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہی، جس کے باعث شہر کو پانی کی سپلائی میں بڑے خلل سے بچایا جا سکا۔ مزید برآں، باقی چار پمپنگ موٹرز کو بھی متبادل ذرائع کے ذریعے بجلی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی فراہمی کا نظام متاثر نہ ہوکے -الیکٹرک حکام کے مطابق تکنیکی ٹیمیں فالٹ کو دور کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں اور جلد مکمل بحالی کی توقع ہے ۔ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں