سبزی و فروٹ منڈی میں منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن
سبزی و فروٹ منڈی میں منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن سبزی و فروٹ مہنگے داموں فروخت ،چھاپہ مار کر متعدد دکانیں سیل کر دیں
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن کی خصوصی ہدایات پر سیال موڑ سبزی و فروٹ منڈی میں گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا۔ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کوٹ مومن و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مہر منیر احمد نے پیرا فورس ٹیم کے ہمراہ اچانک چھاپہ مار کر متعدد دکانیں سیل کر دیں۔نمائندہ کے مطابق کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض آڑھتی مصنوعی مہنگائی پیدا کرتے ہوئے مقررہ نرخوں سے زائد کمیشن وصول کر رہے تھے ۔ آڑھتیوں کی جانب سے سبزی و فروٹ چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا، جس کے باعث مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا تھا۔پرائس کنٹرول ٹیم نے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے متعدد دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ دیگر کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔