نشتر ایچ آئی وی کیس، نظرثانی اپیل پر کارروائی شروع
وی سی نشتر اور ڈاکٹر غلام عباس کو دفاع جمع کرانے کی ہدایت جاری
ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان میں نشتر ہسپتال سے منسلک ایچ آئی وی کیسز کے معاملے پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور ڈاکٹر غلام عباس کی ریویو پٹیشن پر باقاعدہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔دونوں افسروں نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے نظرثانی اپیل دائر کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وائس چانسلر نشتر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے تحقیقات میں مکمل تعاون کیا اور ادارے میں شفافیت کے لئے مؤثر اقدامات بھی کئے ۔حکومت پنجاب نے احمد رضا سرور کو ہیرنگ آفیسر مقرر کیا ہے ، جو فریقین کو ذاتی سماعت کا موقع فراہم کریں گے ۔ افسروں کو سات روز میں تحریری دفاع جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق تحریری جواب موصول ہونے کے بعد رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ نظرثانی اپیل کے عمل سے معاملے کے تمام پہلوؤں کو دوبارہ جانچنے کا موقع ملے گا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں حقائق مزید واضح ہوں گے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔