ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ،سکیموں کا جائزہ
راولپنڈی کی 43، چکوال کی 20، مری کی 15اور اٹک کی 1سکیم شامل
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں اینول ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کی جانے والی پروپوزڈ سکیمز کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی و خوبصورتی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ مجموعی طور پر 79 ترقیاتی سکیمز کی نشاندہی کی گئی، جن میں ضلع راولپنڈی کی 43، چکوال کی 20، مری کی 15 اور اٹک کی 1 سکیم شامل ہے ۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں میں بنیادی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات براہ راست فراہم کی جا سکیں۔ سیوریج سسٹم کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، گیس پائپ لائنز کی توسیع، سڑکوں اور لنک روڈز کی تعمیر و مرمت اور بازاروں و مارکیٹس کی خوبصورتی جیسے منصوبے عوامی فلاح کے لیے نہایت اہم ہیں۔ اجلاس میں چکوال میں جاری ہائی وے سکیموں پر خصوصی طور پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔