محکمے ہائی الرٹ ، پری فلڈ چیک لسٹ مکمل کریں ، ڈپٹی کمشنر
محکمے ہائی الرٹ ، پری فلڈ چیک لسٹ مکمل کریں ، ڈپٹی کمشنر ، ندی نالوں کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں،حفاظتی اقدامات بروقت کیے جائیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت سیلاب سیزن 2026 اور پری فلڈ تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے ، ریسکیو 1122 و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات، ریسکیو و ریلیف انتظامات، مشینری اور حساس علاقوں کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں، پری فلڈ چیک لسٹ مکمل کریں اور دریا، ندی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔ نشیبی علاقوں کی نشاندہی اور حفاظتی اقدامات بروقت کیے جائیں جبکہ ضلعی کنٹرول روم اور ہیلپ لائنز 24 گھنٹے فعال رکھی جائیں۔اجلاس میں ریلیف سامان (خیمے ، راشن، ادویات) کی دستیابی، مشینری کی فعالیت اور ریسکیو ٹیموں کی تیاری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے سیوریج و ڈرینج سسٹم کی صفائی اور ڈی واٹرنگ مشینری کی تعیناتی کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔