خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ،رانا مشہود
سوشل اِنوویشن اکیڈمی سمٹ،300سے زائد افراد شریک ،جامع اقتصادی ترقی پر زور
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )سوشل اِنوویشن اکیڈمی (SIA) نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اشتراک سے پاکستان میں خواتین کی قیادت میں سماجی انٹرپرائز ایکو سسٹم کا فروغ کے عنوان سے سوشل انوویشن اکیڈمی سمٹ 2.0کا کامیاب انعقاد کیا، جو جامع اقتصادی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ سمٹ میں 300 سے زائد شرکا ئنے حصہ لیا، جن میں پالیسی ساز، کاروباری افراد، سرمایہ کار، ترقیاتی شراکت دار، ماہرین تعلیم اور نوجوان رہنما شامل تھے ، خواتین کی زیرقیادت اداروں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ یہ سمٹ کاروبار ی شعبے سے وابسطہ خواتین کو درپیش بنیادی رکاوٹوں کے حل اور قابلِ توسیع موثر اقدامات کے فروغ کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے ۔ اپنے خطاب میں سوشل اِنوویشن اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی زین العابدین نے اس بات پر زور دیا کہ سماجی کاروبار کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سماجی تبدیلی کے لیے ناگزیر ہے ۔ تقریب کے مہمان ِ خصوصی پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کاروبار، ہنر کے فروغ اور جامع پالیسیوں کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔